ڈینگی اقدامات مانیٹر کرنے کیلئے نئی ایپ تیار

پشاور۔صوبائی حکومت نے ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے’’صحت پورٹل‘‘کی نئی ایپ بنالی ہے جس سے متاثرہ علاقوں میں پولیو ٹیموں کی نگرانی اورگھروں کو ڈینگی سے پاک کرنے سمیت مریضوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا سکے گا گزشتہ روز سینئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام ترکئی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ متاثرہ علاقوں میں موجود گھروں میں سپرے‘پانی کی ٹینکی میں ادویات سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اور آگاہی مہم جاری ہے۔

پشاور کے چار ہزار گھروں کو کلیئر کردیا گیا ہے باضابطہ ٹیموں کے ذریعے گھر گھر انسداد ڈینگی مہم کی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی ڈینگی کیسز رپورٹ ہورہے ہیں پولیو کو جس طرح صوبے میں کنٹرول کیا ہے اسی طرح پشاور میں بھی ڈینگی پر قابو پالیں گے ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں ڈینگی رسپانس یونٹ قائم کردیا گیا ہے اور ہر ضلع میں کوئیک رسپانس یونٹ بھی تشکیل دے دئیے گئے ہیں کسی بھی ہسپتال میں ڈینگی کا کیس رپورٹ ہونے پر رسپانس یونٹ متعلقہ علاقے کو کلیئر کریگی۔

انہوں نے بتایا کہ صحت رضاکار انصاف کے نام سے انصاف خدمتگار ٹیم بھی قائم کررہے ہیں یہ ٹیم آگاہی مہم چلائے گی‘ انہوں نے بتایا کہ نئی صحت پورٹل ایپ جی ایس ایم ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے جس سے علاقوں میں پانی کھڑا ہونے‘صفائی‘ٹیموں کی موجودگی اور مریضوں کے بارے میں درست معلومات کو ماہرین بروقت مانیٹرنگ کے ذریعے موبائل اور کمپیوٹر پر دیکھ سکیں گے۔