65

اداکارہ ’تبو‘ 46 برس کی ہوگئیں

حال ہی میں ’گول مال اگین‘ کے ذریعے شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی بولی وڈ اداکارہ تبو 46 برس کی ہوگئیں۔

مسلم گھرانے میں 4 نومبر 1971 میں پیدا ہونے والی اداکارہ کا پیدائشی نام تبسم فاطمہ ہاشمی ہے، لیکن فلمی دنیا کے لیے انہوں نے ’تبو‘ نام کا انتخاب کیا۔

تبو اداکارہ شبانہ اعظمی کی بھانجی جب کہ اداکارہ فرح ناز کی چھوٹی بہن ہیں۔

1980 اور 1990 کی کامیاب اور خوبرو اداکاراؤں میں شمار ہونے والی تبو آج تک فلم کے مرکزی کرداروں کے لیے کاسٹ ہوتی ہیں، جس کا ثبوت گزشتہ ماہ 20 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی کامیڈین ایکشن فلم ’گول مال اگین‘ میں ان کا کردار ہے۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

فلم بازار سے کیریئر کی شروعات کرنے والی تبو نے لگ بھگ 20 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جب کہ انہیں ان کی پرفارمنس کے عوض نیشنل، پدما شری اور فلم فیئرسمیت دیگر فلمی ایوارڈز بھی دیے گئے۔

’گول مال اگین‘ میں کامیڈین کردار ادا کرنے والی تبو اس سے قبل سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ میں ہیرو کی بہن کے روپ میں نظر آئیں تھیں۔

تبو نے متعدد فلموں میں لچکدار اور لازوال کردار ادا کیے، جس وجہ سے ان کی اداکاری کی ہمیشہ تعریف کی جاتی ہے۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ فلم ’درشیام‘ میں انسپکٹر کے روپ میں نظر آنے والی تبو نے ’حیدر‘ اور ’فتور‘ جیسی فلم میں ماں کا کردار ادا کیا۔

بھارت میں چند دہائیاں قبل جاری سکھ خانا جنگی پر 1996 میں بننے والی بوڈ فلم ’ماچس‘ میں پنجابی خاتون کا کردار نبھانے والی تبو ’جیت‘ میں ایک طوائف کے روپ میں نظر آئیں۔

’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ جیسی فلم میں گھریلو خاتون کے روپ میں نظر آنے والی تبو 2000 میں آنے والی بولی وڈ فلم ‘ ہو تو تو‘ میں خود کش بمبار کے روپ میں دکھائی دیں۔

گزشتہ ماہ اپنی فلم ’گول مال اگین‘ کی تشہیر کے موقع پر اداکارہ تبو نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا کہ وہ اپنی ہم عمر دیگر اداکاراؤں کے مقابلے فلمی اسکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں۔

تبو نے واضح کیا تھا کہ اب تک وہ فلموں میں مرکزی کرداروں میں نظر آتی ہیں، جب کہ ان کے ساتھ فلمی کیریئر شروع کرنے والی متعدد اداکارائیں فلموں میں نظر ہی نہیں آتیں۔

اپنی سالگرہ کے موقع پر بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈٰیا‘ (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے تبو کا کہنا تھا کہ وہ اداکاری کے حوالے سے کسی بھی اداکارہ کی کاپی نہیں کرتیں، اور اپنے کردار کے مطابق ایکٹنگ کرنے کی کوشش کرتی ہیں، جس وجہ سے وہ آج بھی ’گیم چینجر‘ اداکارہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق وہ ایسا عام کام نہیں کرتیں جو عام طور پر ہندی سینما کے لیے اداکارائیں کرتی ہیں، ان کا خیال تھا کہ وہ ہمیشہ منفرد اور لچکدار کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے منفرد کرداروں کو ہی اپنی کامیابی قرار دیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق اداکارہ تبو نے اپنی سالگرہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں منائی، کیوں کہ انہیں کشمیر کا علاقہ بہت پسند ہے، ان کی فلم ’حیدر‘ کی شوٹنگ بھی کشمیر میں کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں