133

بل گیٹس کا پاکستان کی مالی امداد بڑھانے کا اعلان

واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی امداد معطل کرنے کے اعلان کے بعد دنیا کے امیر ترین آدمی اور آئی ٹی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وعدہ کیا ہے کہ ان کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی مالی امداد میں اضافہ کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایس ایس) کی وزیر سارہ افضل تارڑ کو موصول ایک خط میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کی تعریف کی۔

اس کے علاوہ مائیکروسافٹ کے بانی نے صحت کے شعبے میں ہونے والی جدت اور خاص طور پر ماں اور بچے کی دیکھ بھال اور تولیدی صحت کو مضبوط بنانے کے عمل کو تسلیم کیا۔خط میں یہ تجویز دی گئی کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ کو وزارت اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان رابطے کے لیے نامزد کیا جائے۔اس حوالے سے این ایچ ایس کے حکام نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کی مدد میں اضافے کی توقع ہے اور نہ صرف پولیو کے خاتمے کے پروگرام بلکہ دیگر شعبہ جات کی امداد میں اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بل گیٹس نے اپنے تکنیکی ٹیم کو نامزد کردیا ہے اور امید ہے کہ وہ جلد وزارت کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی اور مختلف شعبوں میں اپنی معاونت کو حتمی شکل دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک پاکستان کو 72 ارب روپے دیئے جاچکے ہیں اور توقع یہ ہے کہ مستقبل میں امداد کی اس رقم میں اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں