45

شا ہ روخ ہوے گھبراہٹ کے شکار

شاہ رخ خان کو بولی وڈ میں کنگ آف رومانس یعنی رومانوی کرداروں کا بادشاہ کہا اور سمجھا جاتا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایسے کردار انتہائی جذباتی انداز میں ادا کرتے ہیں۔ تاہم اب شاہ رخ خان کے 25 سال سے زائد فلمی کیریئر کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ بولی وڈ کوریوگرافر و فلم ساز فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دیوداس، ڈر، ویر زارہ، دیوانہ، محبتیں، دل تو پاگل ہے، پردیس، چلتے چلتے، دل سے، کبھی الوداع نہ کہنا، یم تمہارے ہیں صنم، کوئلہ، اشوکا،چاہت، سلسلے اور دل سے‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والے شاہ رخ خان آج تک صرف ایک بار ہی رومانوی سین شوٹ کروانے سے گھبرا گئے۔ فرح خان جو نہ صرف بولی وڈ کی چوٹی کی کوریوگرافر ہیں، بلکہ وہ شاہ رخ خان کے قریبی دوستوں میں سے بھی ایک ہیں۔ انہوں نے بھارتی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ کس طرح ان کی جانب سے مذاق کیے جانے پر کنگ آف رومانس رومانوی شوٹ کروانے سے کترا گئے۔ فرح خان کے مطابق جب وہ 1998 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک فلم ’دل سے‘ کے گانے ’جیا جلے‘ کی شوٹنگ کے لیے ریاست کیرالہ میں موجود تھے تو انہوں نے شاہ رخ خان سے ایک مذاق کیا، جس کے بعد وہ اگلے دن شوٹنگ کے لیے ہی نہیں پہنچے۔ فرح خان نے بتایا کہ ’جیا جلے‘ رومانٹک گانا تھا، جس میں پریٹی زنٹا کے ساتھ شاہ رخ خان کو پانی میں رقص کرتے ہوئے کئی رومانوی مناظر شوٹ کروانے تھے۔
کوریوگرافر کے مطابق انہوں نے شاہ رخ خان کو بتایا کہ اگلے دن انہیں اور پریٹی زنٹا کو پہاڑوں کے دامن سے گرتے پانی کے جھرنوں میں ایک سین شوٹ کروانا ہے، جس میں اداکار کو سفید دھوتی پہنائی جائے گی۔ فرح خان نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے یہ سب مذاق میں کہا تھا، مگر شاہ رخ خان سفید دھوتی کا سن کر اگلے روز شوٹنگ ہی پر نہ پہنچے اور بعد میں پوچھنے پر بتایا کہ وہ جنگل میں راستہ بھٹک گئے تھے۔ فرح خان نے کے مطابق یہ 25 سال میں پہلا موقع تھا کہ شاہ رخ خان شوٹنگ کے لیے نہیں پہنچے تھے۔ کوریوگرافر کا کہنا تھا کہ آج اگر ’دل سے‘ کا گانا ’جیا جلے‘ دیکھا جائے تو پہاڑوں سے گرتے پانی کے جھرنوں کے سین میں پریٹی زنٹا اکیلی ہیں، ان کے ساتھ شاہ رخ خان موجود نہیں۔ اسی طرح اس گانے میں شاہ رخ خان سے زیادہ پریٹی زنٹا کا رقص دکھایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 1998 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک تھرلر فلم ’دل سے‘ کی کہانی شمال مشرقی بھارت میں اٹھنے والی بغاوت کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ منیشا کوئرالہ اور پریٹی زنٹا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کی ہدایات منی رتنم نے دی اور انہوں نے ہی فلم کو پروڈیوس کیا اور اس کی کہانی بھی لکھی۔
فلم کے گانوں کی کوریوگرافی فرح خان نے ادا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں