63

سنجے اور مادھوری کی جوڑی 25 سال بعد ایک ساتھ ایکشن میں دکھائی دے گی

ممبئی: بالی وڈ اداکار سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کی جوڑی 25 سال بعد کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس تلے بننے والی فلم ’کلنک‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوگی۔

سنجے دت اور مادھوری کی جوڑی کو ماضی کی سب سے کامیاب جوڑی سمجھا جاتا تھا جنہوں نے فلم نگری کو کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔

دونوں اداکاروں کی جوڑی کی سپر ہٹ فلموں میں کھل نائیک، خطروں کے کھلاڑی، قانون اپنا اپنا،ساجن، سائبان اور مہانتا شامل ہیں۔

ماضی میں دونوں کے درمیان معاشقے کے چرچے بھی رہے لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر دونوں میں دوریاں ہوئیں جس کی وجہ سے کامیاب جوڑی نے 2 دہائیوں تک کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مادھوری ڈکشٹ اور سنجے دت نے ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر 25 سال بعد کرن جوہر کی فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کی حامی بھرلی ہے۔

کرن جوہر کے والد کے ڈریم پروجیکٹ فلم ’کلنک‘ میں سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ سوناکشی سنہا، عالیہ بھٹ، ورون دھون اور آدتیہ روئے کپور بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ابھیشیک ورمان سر انجام دیں گے جب کہ فلم اگلے سال 19 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں