54

عامرخان، دپیکا پڈوکون کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں

رواں برس کے آغاز میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ کی متنازع ترین فلم ’پدماوت‘ کے بعد جہاں رنویر سنگھ اور شاہد کپور کی ڈمانڈ میں اضافہ ہوا ہے، وہیں دپیکا پڈوکون کی مقبولیت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اگرچہ اس وقت دپیکا پڈوکون کسی خاص اور بڑی فلم کی شوٹنگ میں مصروف نہیں ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ عامر خان چاہتے ہیں کہ ان کی آنے فلم ’مہا بھارت‘ میں دپیکا پڈوکون دیوی دروپدی کا کردار ادا کریں۔

خیال رہے کہ ’مہا بھارت‘ کے حوالے سے تاحال کوئی تصدیق خبر سامنے نہیں آسکی، تاہم اطلاعات ہیں کہ آئندہ ایک یا 2 سال بعد عامر خان اس منصوبے پر کام کریں گے۔

’مہا بھارت‘ کی کہانی ہندو مذہب کے گرد گھومے گی، جس میں ’رام اور راون سمیت دیوی دروپدی کے کردار کو بھی دکھایا جائے گا۔

ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس فلم کا اسکرپٹ کون لکھے گا اور اس کی ہدایات کون دے گا۔

اطلاعات ہیں کہ فلم ایک ہزار بھارتی کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوگی، جس وجہ سے اسے بنائے جانے سے قبل ہی ہندوستانی کی سب سے مہنگی فلم کا درجہ بھی دیا جا رہا ہے۔

—اسکرین شاٹ

اس فلم میں عامر خان کرشن کا کردار ادا کریں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس فلم میں درو پدی کا کردار دپیکا پڈوکون کریں، جنہوں نے ’پدماوت‘ میں رانی پدمنی یعنی ’پدماوتی‘ کا کردار بہترین انداز میں نبھایا۔

دکن کیرونیکل کے مطابق عامر خان چاہتے ہیں کہ ’مہا بھارت‘ میں دروپدی کا کردار بولی وڈ کی ’پدماوت‘ گرل نبھائیں۔

عامر خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ’دروپدی‘ کا کردار دپیکا پڈوکون سے زیادہ بہتر انداز میں اور کوئی اداکارہ نہیں نبھا سکتیں۔

اگر یہ فلم بنی اور دپیکا پڈوکون اس میں دروپدی کا کردار نبھانے کے لیے رضامند ہوگئیں تو یہ ان دونوں کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی۔

—فائل فوٹو: کوئی موئی

عامر خان اور دپیکا پڈوکون آج تک کسی بھی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر نہیں ہوئے، بولی وڈ کی متعدد اداکارائیں مسٹرپرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے کا اپنا اعزاز سمجھتی ہیں۔

تاہم حیران کن طور پر دپیکا پڈوکون کے بجائے عامر خان نے ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

دپیکا پڈوکون نے ’پدماوت‘ میں رانی پدمنی کا کردار ادا کرنے کے بعد اٹھنے والے تنازعات اور خود کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد کہا تھا کہ وہ آج کے بعد اس طرح کا کوئی کردار ادا نہیں کریں گے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دپیکا پڈوکون دروپدی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں گی یا نہیں، تاہم امکان ہے کہ عامر خان جیسے اداکار کے ساتھ کام کی وجہ سے وہ انکار نہ کرپائیں۔

—فوٹو: انڈین ایکسپریس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں