54

عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان

پشاور۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے پارٹی کی انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن طریقے سے تین دن سوگ منائیں گے اور اس دوان کوئی جلسہ جلوس نہیں ہوگا،پہلے باپ گیا پھر بیٹا شہید ہوگیا،یہ لوگ جو بھی کر یں ہم نے میدان نہیں چھوڑنا، ہم نے الیکشن لڑنا ہے اور جیتنا ہے، ہر داڑھی والے کو نہیں پکڑ سکتے، ہر داڑھی والے کو طالبان کہنا زیادتی ہوگی۔

ان میں ہمت ہے تو سیدھی طرح میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں، پیٹھ پر وار نہ کریں۔بدھ کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ہارون بلور کی شہادت پر کہا کہ میں آج بھی اپنے کارکنوں سے کہوں گا پرامن رہیں، بیشک ہارون بلور شہید ہے پہلے باپ گیا پھر بیٹا شہید ہوگیا، بلور فیملی کو اس لیے ہدف بنایا جا رہا ہے کیونکہ جب تک یہ ہیں پشاور پرکوئی قبضہ نہیں جماسکتا۔

اے این پی کے سربراہ نے انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پر امن طریقے سے تین دن سوگ منائیں گے اور اس دوان کوئی جلسہ جلوس نہیں ہوگا، تین دن بعد پارٹی انتخابی عمل معمول کے مطابق شروع کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امپائر وہ نہیں رہا، یہ امپائر نہیں دہشتگرد ہیں، یہ لوگ جو بھی کرتے ہیں لیکن ہم نے میدان نہیں چھوڑنا۔

ہم نے الیکشن لڑنا ہے اور انشااللہ جیتنا ہے۔اسفند یار ولی نے کہا کہ ہر داڑھی والے کو نہیں پکڑ سکتے، ہر داڑھی والے کو طالبان کہنا زیادتی ہوگی، ان میں ہمت ہے تو سیدھی طرح میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں، پیٹھ پر وار نہ کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات پشاور کے علاقے یکہ توت میں خودکش حملہ آور نے عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں