26

پی آئی اے طیارے میں نومولود بچہ بے ہوش

کراچی۔ پیرس سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی پروازمیں اے سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا، اے سی بند ہونے سے نومولود کی حالت خراب ہونے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پیرس ایئرپورٹ پر اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 750 میں روانگی کے وقت اے سی سسٹم میں خرابی ہوگئی۔

پیرس ایئرپورٹ پرجہاز کے دروازے بند کردیئے گئے، طیارے میں حبس اور گرمی کی وجہ سے مسافر بلبلا اٹھے۔طیارے میں ایک نومولود بچہ بھی ماں کے ہمراہ موجود تھا ۔ شدید گرمی کے باعث بچہ بے ہوش ہوگیا۔ بچے کے بیہوش ہونے پر بچے کی ماں چیخنے چلانے لگی، خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی التجا کی گئی، پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہازکے دروازے نہیں کھولے گئے۔پرواز مجموعی طور پر 2 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار رہی ۔

طیارے میں مسافروں کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی بنیادوں پر اڑان بھرنے کی اجاز ت طلب کی، پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ میلان سے پیرس تاخیرسے پہنچا تھا جس کی وجہ سے اس کو اسلام آباد اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پیرس میں پی آئی اے کی انتظامیہ مبینہ غفلت کے باعث طیارے میں دو اے سی وین کے بجائے ایک اے سی وین لگائی گئی تھی جو کہ ناکافی تھی۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی کسی بھی بین الاقوامی فلائٹ پراس نوعیت کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں