37

50 لاکھ گھر منصوبہ: دو ہفتوں میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھر منصوبے پر کمیٹی کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری ہاؤسنگ نے گھروں کی سالانہ ضرورت اور ہاؤسنگ سیکٹر میں قلت پر بریفنگ دی جب کہ سیکریٹری نے نجی شعبےکو 50 لاکھ گھر منصوبے میں شریک کرنے کے قانونی طریقہ کار اور مضمرات کے بارے میں بھی بریف کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسا منصوبہ بنائیں کہ 50 لاکھ گھر عام آدمی کی ہر ضرورت پوری کرسکے، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے کا اہم جزو ہے، حکومت بے گھر افراد کو گھر دینے کے وعدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر منصوبے سے لاکھوں بے روزگار افراد کو نوکریاں میسر آئیں گی، اس اسکیم سے ہاؤسنگ سیکٹر سے منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک بھر میں سرکاری زمین اور گیسٹ ہاؤسز سے خاطر خواہ مالی وسائل مل سکتے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِاعظم عمران خان بذات خود گھروں کی تعمیر کے پروگرام کی اونر شپ لیں گے جب کہ وزیراعظم نے کمیٹی کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں