23

پاکستان نے سی پیک منصوبوں پر نظرثانی کا تاثر مسترد کردیا

اسلام آباد۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سی پیک منصوبوں پر نظر ثانی کا تاثر مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان معاہدوں پر کوئی نظر ثانی نہیں کررہا،بھارت امریکا مشترکہ اعلامیے میں پاکستان پر لگائے گئے الزامات کومسترد کر تے ہیں ، بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، تمام معاملات کا حل بات چیت سے ہی چاہتے ہیں، مائیک پومپیو کے دورے میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا ۔

مختلف موضوعات پر مذاکرات کا تسلسل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، افغان مسئلے کا حل وہاں کے لوگوں کے ہاتھوں تلاش کرنے کی حمایت کرتے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود کا پہلا بیرون ملک دورہ افغانستان کا ہے، وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ویزہ کی سختی صرف پاکستان نہیں، دیگر کئی ممالک کے ساتھ کی گئی ہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے کافی کام ہو رہا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ سی پیک سے متعلق چین کے ساتھ ازسرنو معاہدوں کی تجدید کو مکمل طور پر مسترد کرچکے ہیں جب کہ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی کا تاثر بھی مسترد کرتے ہیں، پاکستان ان معاہدوں پر کوئی نظر ثانی نہیں کررہا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت امریکا مشترکہ اعلامیے میں پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، تمام معاملات کا حل بات چیت سے ہی چاہتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے امریکی وزیر خارجہ کے دورے سے متعلق بتایا کہ مائیک پومپیو کے دورے میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا اور مختلف موضوعات پر مذاکرات کا تسلسل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔افغانستان سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل وہاں کے لوگوں کے ہاتھوں تلاش کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود کا پہلا بیرون ملک دورہ افغانستان کا ہے، وہ پرسوں افغانستان جائیں گے جہاں افغان پاک ایکشن پلان پرتبادلہ خیال کریں گے۔ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ویزہ کی سختی صرف پاکستان نہیں، دیگر کئی ممالک کے ساتھ کی گئی ہے۔

وزیر خارجہ کی سطح پر اس معاملے پر رابطے میں ہیں جب کہ بحرین کے حکام نے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ایف اے ٹی ایف سے متعلق ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے کافی کام ہو رہا ہے۔رجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بھارتی اشتعال انگیزی پر قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال بھارت نے 2050 بار سے زائد سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔ترجمان نے کہا کہ صرف ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیریوں کو پلوامہ، بانڈی پور، کپواڑہ اور اسلام آباد میں شہید کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حریت رہنما ؤ ں اور کارکن بدنام تہاڑ جیل میں حراست میں رکھے گئے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ سی پیک کے منصوبوں پر نظرثانی پر غور کررہا ہے جس کے بعد وزیراعظم پاکستان کے مشیر تجارت نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کو مسترد کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں