31

ڈالر کی قیمت میں کمی اور اسٹاک ایکس چینج میں تیزی

کراچی: سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو بیل آوٹ پیکیج ملنے کے بعد مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں اور آج نہ صرف پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی دیکھی گئی بلکہ ڈالر کی قیمت میں بھی ایک روپے 91 پیسے کی کمی ہوگئی۔

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پاکستانی معیشت کے لیے خوش آئند ثابت ہوا اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پیکیج کے اعلان کے بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہر دیکھی گئی اور ساتھ ہی روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 39 ہزار100 کی سطح بھی عبور کرگیا ۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی اور ڈالر کی قدر1 روپے 91 پیسے کی کمی سے 132 روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قدر40 پیسے کم ہوکر 133 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگئی۔

واضح رہے سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے فوری طور پر 3 ارب ڈالر کا قرض اور 3 ارب ڈالر کا سالانہ تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں