32

جلد مولانا سمیع الحق کے قاتلوں تک پہنچ جائیں گے، شہریار آفریدی ​​​​​​​

نوشہرہ: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات درست سمت میں جارہی ہے اور جلد قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی خیبر پختون خوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی چین سے خصوصی ہدایت پر مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں اور چین سے واپسی پر وزیر اعظم سے مولانا سمیع الحق کے قتل سے متعلق تفصیلی بات ہوگی ۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات سے متعلق کہا کہ جدید ترین آلات کے ذریعے واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جو کہ درست سمت میں ہے، تمام اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں بہت جلد مولانا سمیع الحق کے قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں