31

پاک بھارت جنگ کا سوچنا پاگل پن ہوگا، وزیراعظم ​​​​​​​

نارووال: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انسان چاند پر پہنچ گیا لیکن ہم مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکے جب کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو اور وفاقی وزرا سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام سکھ برادری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہر چہرے پر خوشی دیکھ رہا ہوں، اگلے سال جب سکھ برادری بابا گرونانک کے جنم دن پر یہاں آئے گی تو انہیں تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی اور یہ کرتارپور انہیں بہتر انداز میں ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا کیوں کہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جب فرانس اور جرمنی کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو ہمارے کیوں نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سول وعسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں اور ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم ہمارا مسئلہ صرف ایک ہے اور وہ کشمیر ہے، آج کے دور میں انسان چاند پر پہنچ گیا تو کیا ہم اپنا ایک مسئلہ نہیں حل کرسکتے، صرف ارادے کی ضرورت ہے، جس سے ہم اس مسئلے کو بھی حل کرسکتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت سے مضبوط تعلقات چاہتا ہوں کیوں کہ برصغیرمیں دنیا کی سب سے زیادہ غربت ہے اور اگر ہمارے بارڈر کھل جائیں، تجارت شروع ہوجائے توغربت ختم ہوجائے گی، ہمارے بارڈرکھلنے سےغربت تیزی سے ختم ہوسکتی ہے جب کہ ہمیں صرف دونوں طرف سے مسائل حل کرنے والی قیادت چاہیے، ہندوستان ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے سدھو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ پاکستان میں آکر الیکشن لڑیں، خصوصاً پنجاب میں توانتخاب جیت جائیں گے، جب کہ سدھو جب پچھلی بار پاکستان آئے تو بھارت میں ان پر بڑی تنقید ہوئی لیکن مجھے اس بات پر بہت حیرانی ہوئی کہ ان پر تنقید کیوں ہوئی حالانکہ سدھو تو دوستی اور محبت کا پیغام لے کر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جوہری ملک ہیں، اور دو جوہری ممالک میں جنگ تو کبھی نہیں ہوسکتی اور نہ یہ جنگ کوئی جیت سکتا ہے، پاک بھارت جنگ کا سوچنا بھی پاگل پن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں