295

فواد اور ماہرہ کی فلم چین اور پاکستان میں بیک وقت ریلیز ہوگی

فواد خان اور ماہرہ خان کی نئی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' پہلی پاکستانی فلم بننے جارہی ہے جو بیک وقت مقامی سینماؤں کے ساتھ ساتھ چین میں بھی ریلیز ہوگی۔ بلال لاشاری کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی بھی شامل ہیں، جو آئندہ برس عید الفطر پر پاکستان اور چینی سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس حوالے سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق بالی وڈ کی کامیاب فلمیں دنگل، سیکرٹ سپر اسٹار، ہندی میڈیم اور بہو بلی کچھ مہینوں یا سال کے بعد چین میں ریلیز کی گئیں، تاہم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' اسی دن پاکستان اور چین میں ریلیز ہوگی۔

پریس ریلیز کے مطابق اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ چین میں غیرملکی فلموں کے لیے کوٹہ کم ہے بلکہ چینی ریگولیٹری اتھارٹیز کی جانب سے جانچ پڑتال کے بعد بہت کم تعداد میں فلموں کو نمائش کی اجازت دی جاتی ہے۔ فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کے بیک وقت چینی اور پاکستانی سینماؤں میں ریلیز کیے جانے کے فیصلے کو پاکستانی فلمی صنعت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں