47

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آج ہوگی

وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکا کے دوران آج (22 جولائی کو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

دونوں سربراہان کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی تجدید کے حوالے سے کوششوں کا حصہ ہے۔

اس ملاقات میں فریقین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور جنوبی ایشیا سمیت افغانستان میں قیام امن کے لیے مل کر کام کرنے سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار بخاری بھی موجود ہوں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق امریکی صدر عمران خان کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کروائیں گے اور ’ملاقات اور بات چیت‘ کے لیے زیادہ وقت دیں گے۔

اپنے پہلے دورہ وائٹ ہاؤس کے دوران وزیراعظم ممکنہ طور پر 2 سیشن میں شرکت کریں گے، پہلا سیشن ایک گروپ ملاقات جبکہ دوسری ایک بڑی ملاقات ہوگی، ان ملاقات میں پہلی اوول آفس میں جبکہ دوسری کابینہ روم میں ہوگی۔

پراپرٹی ڈویلپر سے ریئلٹی ٹی وی اسٹار بننے والے ڈونلڈ ٹرمپ اور کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان عمران خان دونوں نے سیاست سے دور رہ کر شہرت حاصل کی اور اس کے بعد اقتدار میں آئے تاہم ان دونوں کے درمیان ذاتی طور مماثلت فیصلہ کن ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے لندن میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل آفیئرز کی ایسوسی ایٹ فیلو فرزانہ شیخ کا کہنا تھا کہ ’ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات میں بہت کچھ ان دونوں شخصیات کے مزاج پر انحصار کرے گا‘ کیونکہ ان دونوں کے بارے میں کوئی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔

بعد ازاں 23 جولائی کو وزیراعظم عمران خان امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ عمران خان امریکی ادارہ برائے امن میں اجلاس سے خطاب اور اخبارات کے مدیران کے ساتھ ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔

اس کے بعد عمران خان کیپیٹل ہل جائیں گے، جہاں وہ سینیٹ کی خارجی تعلقات کمیٹی سے ملاقات اور پاکستانی اور امریکی نمائندوں سے خطاب کریں گے، اب تک ممکنہ طور پر اس اجلاس کے لیے 40 سے زائد قانون سازوں نے شرکت کا کہا ہے۔

عمران خان وطن واپسی سے قبل 23جولائی کو ہی امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر نینسی پیلوسی سے بھی ملاقات کریں گے۔

آرمی چیف پینٹاگون کا دورہ کریں گے، آئی ایس پی آر

علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے والے وزیر اعظم عمران خان کے وفد کا حصہ ہوں گے۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے بعد آرمی چیف پینٹاگون کا دورہ کریں گے، جہاں وہ قائم مقام سیکریٹری دفاع رچرڈ اسپینسر، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ اور امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارک اے ملی سے ملاقات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں