22

اس عید حضورﷺ کے پسندیدہ ترین پکوان کو بنائیں

عید الاضحیٰ کو اگر پکوانوں کا دن کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیوں کہ اس عید پر قربانی کرنے کی وجہ سے تقریبا ہر گھر کے افراد مختلف طرح کے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

مگر کیا آپ اس عید ایک ایسا پکوان کھانا پسند کریں گے جو کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا پسندیدہ ترین پکوان تھا؟

اگر ہاں تو ثرید نامی پکوان کو اس بار گھر پر بنائیں، جسے عام طور پر شوربے میں روٹی کو بھگو کر تیار کیا جاتا ہے۔

اس حوالے سے کئی احادیث بھی موجود ہیں جیسے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ‘حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا محبوب ترین کھانا روٹی کا ثرید تھا’۔ (ابو داؤد شریف)

اسی طرح صحیح بخاری میں آیا ہے کہ ‘عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی فضیلت تمام عورتوں پر ایسے ہے جیسے ثرید کی فضیلت تمام کھانوں پر’

مختلف غذائی ماہرین کے مطابق یہ پکوان جلد ہضم ہوجاتا ہے اس لیے یہ نظام ہاضمہ کے لیے بھی بہترین ہے، جبکہ اس کے دیگر فوائد بھی ہیں اور کچھ افراد کے خیال میں یہ طبیعت مالش ہونے پر بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

ثرید کے لیے درکار اجزاء

600 گرام بون لیس بھیڑ یا گائے کا گوشت – چھوٹی بوٹیاں کرلیں

لوکی کا آدھا حصہ – کاٹ لیں

زیتون کا تیل – 2 کھانے کے چمچ

پیاز ایک عدد – کاٹ لیں

لہسن کی 4 پوتھیاں -کاٹ لیں

ادرک حسب ذائقہ – کاٹ لیں یا پیس لیں

ٹماٹر کا پیسٹ – ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر ایک عدد – کاٹ لیں

نمک اور کالی مرچ حسب ذائقہ

1/4 چائے کا چمچ ہلدی

1/4 چائے کا چمچ سرخ مرچ پاﺅڈر

1/4 چائے کا چمچ گرم مصالحہ پاﺅڈر

1/4 چائے کا چمچ دھنیا پاﺅڈر

1/4 چائے کا چمچ زیرہ پاﺅڈر

ایک چائے کا چمچ دہی

ایک لیٹر ابلا ہوا پانی

پکانے کا طریقہ

زیتون کے تیل کو پکانے کے برتن میں ڈال کر چولہے پر رکھ دیں اور پھر اس میں پیاز، لہسن اور ادرک کا اضافہ کریں، انہیں اس وقت تک تلیں جب تک ہلکے سے گولڈن رنگ کے نہ ہوجائیں۔

اس کے بعد اس میں مصالحے ڈال کر اس مکسچر کو ایک منٹ تک پکائیں۔

اس پر ٹماٹر کا پیسٹ اور کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال دیں جبکہ حسب ذائقہ نمک اور معمولی سا پانی بھی شامل کرلیں۔ اس مکسچر کو اس وقت تک پکائیں جب تک ٹماٹر پیسٹ کی شکل اختیار نہ کرلیں اور تیل مکسچر سے الگ نہ ہوجائے۔

اس کے بعد گوشت کا اضافہ کریں اور چولہے کی آنچ بڑھا دیں، جبکہ مکسچر کو چمچ سے ہلاتے رہیں۔

اس کے بعد ابلے وئے پانی کا اضافہ کرکے اسے ابلنے کے لیے رکھ دیں، جب یہ ابل جائے تو آنچ کو ہلا کرکے برتن کو ڈھانک دیں اور گوشت کو اس تک پکائیں جب تک وہ گل نہ جائے۔

جب گوش گل جائے تو اس میں دہی اور لوکی کو ڈال کر مزید پندرہ منٹ تک پکائیں۔

جب سالن پک جائے تو چولہا بند کرکے دھنیا پودینا سے اسے سجائیں اور چپاتی یا روٹی توے پر تیار کرکے ٹکڑے کریں اور پلیٹ میں رکھ دیں۔

اب اس کے اوپر ثرید کو ڈالیں اور گرم گرم ہی پیش کریں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں