28

’انتہا پسند مودی کے ہاتھوں میں جوہری ہتھیار ہیں، جن کی سیکیورٹی پر غور ہونا چاہیے‘

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انتہا پسند سوچ کے حامل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکمرانی میں ایٹمی ہتھیاروں کو غیر محفوظ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی انتہا پسند، ہندو بالادستی کی حامی مودی حکومت کے ہاتھوں میں ایٹمی ہتھیار ہونے پر دنیا کو ان کی سلامتی اور حفاظت پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جس طرح جرمنی پر نازیوں کا قبضہ ہوا تھا اسی طرح بھارت پر فاشسٹ اور ہندو بالادستی کے حامیوں کا قبضہ ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہئیں، مقبوضہ وادی میں محصور 90 لاکھ کشمیریوں کی زندگی خطرے میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی تجویز دی کہ کشمیر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھیجا جانا چاہیے۔اپنے ٹوئٹ کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ خطرہ صرف کشمیر تک نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں موجود دیگر اقلیتوں تک پہنچے گا۔

انہوں نے تجویز دی کہ آپ گوگل کی مدد سے نازی نظریے اور آر ایس ایس-بی جے پی کے بانیان کے نظریے میں ربط کو جان سکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بھارت میں 40 لاکھ مسلمان کیمپوں میں ہیں اور پھر اپنی شہریت کی منسوخی برداشت کر رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ آر ایس ایس ڈاکٹرائن اور نسل کشی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے، آر ایس ایس کے غنڈے ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں اور عالمی برادری کے نہ روکنے پر یہ مزید پھیلے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں